اسلام آباد
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر گلگت بلتستان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خودکش حملہ آور کی یہ مذموم کارروائی کھلی دہشت گردی ہے اور ایسے عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ اور معصوم نمازیوں کو عبادت گاہ میں نشانہ بنانا بدترین بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سید مہدی شاہ نے واضح کیا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی بھی مذہب، فرقے یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ گورنر گلگت بلتستان نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے لواحقین کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت نصیب فرمائے۔
