گلگت : وفاقی حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان تعینات کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ سیکریٹریٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹر اکبر ناصر خان اس وقت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کا تبادلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اکبر ناصر خان بی ایس-20 کے افسر ہیں اور ان کی تعیناتی سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 10 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ انہیں بطور انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ یہ تعیناتی آئندہ احکامات تک موثر رہے گی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر اکبر ناصر خان کا شمار پولیس سروس آف پاکستان کے تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے اور وہ مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی بطور آئی جی گلگت بلتستان تعیناتی سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور پولیس نظام کو موثر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
