الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان نے چپورسن ویلی میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہنگامی امدادی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ شدید سرد موسم نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ان حالات کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے زلزلہ متاثرہ خاندانوں میں ضروری امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، تاکہ سخت سردی کے دوران متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان کے مطابق، ان شاء اللہ اس مشکل گھڑی میں زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی و بحالی کے مراحل کی تکمیل تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس دوران ایک قابلِ تحسین واقعہ بھی پیش آیا، جب الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی گاڑی گلگت سے چپورسن کے لیے روانہ تھی تو راستے میں ایک مخیر شخص نے رضاکارانہ طور پر جیکٹس اور گرم ملبوسات عطیہ کیے، جو دیگر امدادی سامان کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں تک پہنچا دیے گئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان مخیر حضرات کے اس جذبۂ خیرسگالی اور انسان دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
